دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے نئے تعینات ہونے والے سفیر طارق احمد نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی سے پاکستان ہاؤس، ابوظہبی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون، عوام سے عوام کے رابطے بڑھانے کی کوششوں اور اسلام آباد اور کراچی سے ڈھاکہ کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور بنگلہ دیشی باشندوں کی فلاح و بہبود کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت کی بے پناہ صلاحیت دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
سفیر طارق احمد نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بنگلہ دیش کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خطے میں مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل بات چیت اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات ایک مثبت نقطہ پر اختتام پذیر ہوئی جس میں دونوں سفیروں نے علاقائی امن، خوشحالی اور دو طرفہ روابط بڑھانے کے لیے اپنے مشترکہ وژن کی توثیق کی۔
شمالی امریکہ میں اردو کی آواز