جدہ(بیورو رپورٹ) مرکزی جزل سیکریٹری پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب ملک منظور حسین اعوان نےدعویٰ کیا ہے کہ شنگھائی کانفرنس اور چینی صدر کے دورہ کے موقع پر وفاقی دارلحکومت اور پنجاب کو آرٹیکل 245 کے تحت فوج کے حوالے کر دیا گیا ہے لیکن ایسے میں تحریک انصاف کا احتجاج سمجھ سے بالا تر ہے، یہ دراصل عمر ان خان کو رہا کروانے کے لیے کیا جارہا ہے ۔
اپنے ایک بیان میں منظور حسین کاکہناتھا تھاکہ پاکستان کو رواں ماہ 15 اکتوبر سے شنگھائی کانفرنس کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کا شرف حاصل ہو رہا ہے جس میں پندرہ سال بعد پ بھارتی وفد بھی شریک ہو رہا ہے‘ پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہروں کا آغاز بادی النظر میں شنگھائی سربراہی اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی ہی سازش ہے جبکہ یہ احتجاج عوام کے مسائل کے حل سے زیادہ بانی پی ٹی آئی کو رہائی دلا کر ہر صورت اقتدار میں واپس لانے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ اگر ایسے کسی احتجاج کے ذریعے اسلام آباد پر دھاوا بولنے اور ریاست کو چیلنج کرنے کی کوشش کی جائیگی تو ریاست کی نگہبان انتظامی مشینری کیوں حرکت میں نہیں آئیگی؟ بہتر یہی ہے کہ شنگھائی کانفرنس کے انعقاد تک پی ٹی آئی اپنے تمام احتجاجی پروگرام موخر کردے اور پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کرے۔
انہوں نے کہا کہ2014ءمیں چین کے صدر کا دورہ پاکستان شیڈول تھا جو پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے اسلام آباد میں جاری دھرنے کے باعث موخر ہوا اور چین کے صدر بھارت چلے گئے۔ چنانچہ چین کے جو تجارتی معاہدے پاکستان کے ساتھ ہونا تھے‘ وہ بھارت کے ساتھ ہو گئے، اس تناظر میں یہ سیاست تعمیری سیاست کے زمرے میں تو ہرگز نہیں آتی جبکہ اس سیاست سے ملک کو 2014ء سے اب تک جتنے بڑے نقصانات اٹھانا پڑے ہیں‘ اس کے پیچھے تحریک انصاف کی سیاست ہے۔