ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستان پیپلزپارٹی ریاض ریجن کی جانب سے اجلاس منعقد کیا گیا جس میں شرکاء نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی برسی کے موقعہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو آج بھی پوری قوم کے دلوں میں زندہ و جاوید ہیں ۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے عہدیداروں سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے اراکین بھی شریک تھے۔ اس موقع پر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید ایک عوامی لیڈر تھے جنھوں نے اپنے اقتدار میں ملک کو متفقہ آئین دیا، ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کی بنیاد رکھی اور پوری قوم کو یکجان کیا اور جمہور کی امنگوں کے مطابق اقدامات اٹھائے مگر ایک سازش کے تحت ان کو عدالتی فیصلے کے ذریعے قتل کیا گیا مگر ہم موجودہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہیں جس میں بھٹو شہید کے پھانسی کے فیصلے کو غلط قرار دیا۔
پیپلزپارٹی ریاض ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بقا جمہوریت اور جمہوری اقدار سے ممکن ہے اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی جمہوری نظام سے وابستہ ہے اس لئے جمہوریت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور میثاق جمہوریت اس کے لئے بہترین معاہدہ ہے جس پر عمل کرکے جمہوریت کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے اور پیپلزپارٹی ہمیشہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کے وژن پر عمل پیرا رہے گی۔
اجلاس سے سنئیر رہنما یونس ابوغالب، وسیم ساجد، سردار رزاق، صداقت حسین ، حنیف بابر، خالد اکرم رانا، سردار نصیر ،سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔