Headlines

جدہ کے پاکستان ہاﺅس میں یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی 

جدہ(محمد اکرم اسد) سعودی عرب میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے یوم یکجہتی کشمیر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کیلئے جدہ کے پاکستان ہاؤس میں ایک مرکزی تقریب منعقد کی، تقریب میں صدر ، وزیراعظم پاکستان، وزیراعظم آزاد کشمیر اور پاکستان کے وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھے گئے، اس موقع پر مقررین میں معروف سعودی سکالر ڈاکٹر فیض عابدین، چیئرمین کشمیر کمیٹی جدہ مسعود پوری اور اوورسیز جموں و کشمیر کمیٹی کے وقاص عنایت شامل تھے، مقررین نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کو ایک قلعہ بند جیل میں تبدیل کرنے کے باوجود بھارت آزادی پسند کشمیری عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کو شکست نہیں دے سکتا، انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر (IIOJK) میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم ریاستی سرپرستی میں ہونے والی خلاف ورزیوں کو روکے۔
قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں سعودی قیادت کی جانب سے کشمیر کاز کے لئے مخلصانہ اورمسلسل حمایت کرنے پر ان کی تعریف کی، انہوں نے اس اہم مسئلے کے بارے میں فعال طور پر آگاہی پیدا کرنے میں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے کردار کی بھی تعریف کی، قونصل جنرل نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تا کہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کا استعمال کر سکیں،او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر سید محمد فواد شیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھارتی فوج کے مظالم اور زمینی حقائق کو تبدیل کرنے کے لیے مقبوضہ کشمیر (IIOJK) کے خطے میں آبادیاتی تبدیلیاں مسلط کرنے کے بھارت کے منصوبوں پر روشنی ڈالی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے لئے انصاف کو یقینی بنانے کے لئے اکٹھا ہونا چاہئے۔ 
اس موقع پر بھارتی مقبوضہ کشمیر (IIOJK) میں رہنے والوں کی حالت زار اور بھارتی فوج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے والی ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی، شرکاءاور مقررین نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے دیرینہ مسئلے کو حل کریں اور غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے لئے بھی فوری اقدامات کریں،تقریب میں جدہ میں مقیم معززین، سیاسی شخصیات اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ارکان نے شرکت کی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave a Reply

Discover more from ہمارا اخبار

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading