جدہ (محمد اکرم اسد سے) سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس میں فلم کے ذریعے شرکاء (جس میں اسلامی ممالک کے نمائندے شامل تھے ) کے ذریعے بھارتی مسلح افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر کیے جانے والے مظالم کو اجاگر کیا گیا ۔فلم میں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور سپہ سالار آرمی چیف عاصم منیر کے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر تقاریر بھی دکھائی گئیں۔
اسلامی تعاون تنظیم کے ہیڈکوارٹرز جدہ میں منعقدہ تقریب میں سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہٰ،قونصل جنرل خالد مجید، او آئی سی میں پاکستانی سفیر سید محمد فواد شیر سمیت پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے اراکین شریک تھے, اس کے علاوہ او آئی سی کے رکن ممالک کے مندوبین بھی شریک ہوئے ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہٰ نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر مظام افسوس ناک ہیں ہمارا ہمیشہ مطالبہ رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ روکا جائے اور مسلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ اسلامی تعاون تنظیم کی تقریب میں بڑے پیمانے پر پاکستانی کمیونٹی نے بھی شرکت کی اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کی کشمیر کی حمائت پر تقریر کو تالیوں کی گونج میں سراہا۔
اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی میں پاکستان کے مستقل سفیر سید محمد فواد شیر کا کہنا تھا کہ بھارت فاشسٹ ریاست ہے جس نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی زندگیوں کو اجیرن کر رکھا ہے اور گزشتہ 76 برسوں سے کشمیریوں پر مختلف مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اور کشمیری نوجوانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے مسلہ کشمیر کے حل تلک دنیا کے ہر اہم پلیٹ فارم پر مسلہ کشمیر کو اجاگر کرتے رہیں گے۔
قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی افسوسناک ہے 76 برسوں سے مقبوضہ کشمیر کے لوگ آزادی مانگ رہے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو حل کروائے ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں.