Headlines

بھٹوکے ادھورے ایجنڈے کو انکے نواسے بلاول بھٹو نے مکمل کرنے کا بیڑا اٹھایا : سینٹر سحر کامران

جدہ (بیورو رپورٹ)رکن قومی اسمبلی و سابق سینٹر سحر کامران  نے کہا ہے کہ  ذوالفقار علی بھٹو شہید ایک عظیم عالمی شخصیت تھیں جنہوں نے تیسری دنیا کو یکجا کرنے اور انکا مقام دلانے کے لئے کام کیا، آج بھٹو شہید کے ادھورے ایجنڈے کو انکے نواسے چئیرمین بلاول بھٹو نے مکمل کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے اور وہ دن دور نہیں جب وہ وزیراعظم بن کر پاکستان کو پھر اقوام عالم میں وہی مقام دلائیں گے شہید بھٹو نے دلایا تھا ۔

ان خیالات اظہار رکن قومی اسمبلی و سابق سینٹر سحر کامران نے یہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 97ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب میں کیا جس کی صدارت پیپلز پارٹی سعودی عرب کے صدر چوہدری تصور حسین نے کی، جب کہ نظامت آفتاب علی ترابی نے انجام دی۔

سحر کامران نے اپنے خطاب میں بھٹو شہید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کے نظریات آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں، شہید بھٹو نے جمہوریت کا جو پودا لگایا تھا اسکی آبیاری آج صدر آصف زرداری اور چئیرمین بلاول بھٹو کر رہے ہیں اور یہ تمام رکاوٹوں کے باوجود پھول پھل رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جدہ میں جب وہ اسکول کی پرنسپل تھیں اس وقت پاکستان انٹرنیشنل اسکول رحاب میں بے پناہ ترقیاتی کام ہوئے اور اسکول کی بلڈنگ کی بھی تعمیر ہوئی اور اسکول کا آڈیٹوریم شہید بے نظیر بھٹو کے نام سے جانا جاتا ہے۔  

تقریب سے نائب صدر ملک جاوید اعوان، چوہدری ذوالفقار، عدیل صدیقی، اسد اکرم، مسلم کانفرنس کے سردار محمد اشفاق اور ن لیگ کے چئیرمین چوہدری محمد اکرم نے بھی خطاب کیا جبکہ کبابش آرٹس کونسل کے چیئرمین ملک علی خورشید سلطان نے خصوصی شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور ملکی سالمیت کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ مقررین نے زور دیا کہ بھٹو کا نظریہ آج بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشعل راہ ہے۔  

اس موقع پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، اور شرکاء نے "نعرہ بھٹو” کے فلک شگاف نعروں سے تقریب کو گرمجوشی بخشی۔ جیالوں نے اس موقع کو شہید بھٹو کے نظریے کی تجدید عہد کے طور پر منایا اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔  

تقریب کے اختتام پر شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو، اور دیگر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ شرکاء نے ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو شہید کا نظریہ ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

Leave a Reply

Discover more from ہمارا اخبار

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading