سان فرانسسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی کمپنی نیورالنک کارپوریشن نے اپنی برین کمپیوٹر ڈیوائس تیسرے مریض میں کامیابی سے نصب کر دی ہے ۔ کمپنی 2025 میں مزید 20 سے 30 مریضوں پر یہ تجربہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
ایلون مسک نے لاس ویگاس میں ایک تقریب کے دوران کہا "ہمارے پاس اب تین انسان ہیں جن میں نیورالنک چپ نصب ہے، اور وہ سب بخوبی کام کر رہی ہیں۔” یہ تقریب ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر لائیو نشر کی گئی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق نیورالنک ان جدید کمپنیوں میں شامل ہے جو ایسی برین امپلانٹ ٹیکنالوجی تیار کر رہی ہیں جو فالج اور ای ایل ایس جیسی بیماریوں کے علاج میں مدد دے سکتی ہے۔ تقریباً ایک سال قبل نیورالنک نے اپنی پہلی ڈیوائس نولینڈ آرباگھ نامی مریض میں نصب کی تھی۔
کمپنی نے اپنی ڈیوائسز کے لیے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) میں دو ریسرچ جمع کرائی ہیں۔ پہلی تحقیق "پرائم سٹڈی” پانچ مریضوں کے لیے ہے، جو فالج زدہ افراد کو اپنے دماغ سے کمپیوٹرز یا اسمارٹ فونز جیسے خارجی آلات کنٹرول کرنے کی سہولت دے گی۔ دوسری تحقیق "کنوائے” تین مریضوں کے لیے ہے، جو انہیں معاون روبوٹک بازو جیسے آلات کنٹرول کرنے کی اجازت دے گی۔