جدہ(محمد اکرم اسد) الواحہ انٹرنیشنل سکول نے ایک شاندار ثقافتی دن کا انعقاد کیا، جس کا اہتمام بوائز اور گرلز سیکشن کے سٹوڈنٹ کونسل نے کیا۔ اس تقریب کا افتتاح بوائز سیکشن میں چیئرمین ضیاء عبداللاب ندوی اور گرلز سیکشن میں محترمہ مسلمہ حفیظ نے کیا۔ طلباء نے مختلف ممالک جیسے سعودی عرب، بھارت، پاکستان ،سعودی عرب اور دیگر ممالک کی نمائندگی کرنے والے سٹالز پیش کیے، ساتھ ہی دسویں جماعت کے ایک بوتھ نے سوشل میڈیا کے ثقافتی شناخت پر اثرات کے بارے میں آگاہی دی۔
دن بھر ثقافتی پریزنٹیشنز(presentations)، سکرٹس، ٹیلنٹ شوز، گیمز اور مختلف کھانے پینے کے سٹالز پیش کیے گئے۔ طلباء نے ہر سٹال پر اپنے پاسپورٹس پر سٹیمپ جمع کیے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ضیاء ندوی نے اس تقریب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "یہ دیکھ کر دل خوش ہوا کہ طلباء نے مختلف روایات کو اپنانے اور ان کا جشن منانے میں دلچسپی دکھائی، جس سے اتحاد اور ثقافتی تنوع کی قدردانی کو فروغ ملا۔”
یسریٰ ندوی ڈپٹی ڈائریکٹر نے شاندار انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے اسے "تنوع اور اتحاد کا خوشگوار جشن” قرار دیا۔
شاریق سمی اکیڈمک ڈائریکٹر نے تقریب کی باریکیوں کو سراہتے ہوئے اس دن کو "ایک ناقابل فراموش تجربہ” قرار دیا جو مختلف روایات کے احترام کو فروغ دیتا ہے۔
صالح الغامدی بوائز سیکشن کے پرنسپل نے تقریب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ہمیں ہماری مختلف خوبصورتیوں اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی طاقت کی یاد دلاتا ہے۔”
جواہرہ الجہدلی گرلز سیکشن کی پرنسپل نے اس تقریب کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے روایات، فن اور کہانیوں کو نمایاں کیا اور اس کی کامیابی کو کمیونٹی کو یکجا کرنے میں اہم قرار دیا۔
اولا فوال گرلز سیکشن کی ہیڈمسٹریس نے بتایا کہ اس ثقافتی تقریب کے انعقاد کا مقصد مختلف ثقافتی پس منظر رکھنے والے بچوں کو ایک ساتھ لانا تھا تاکہ وہ ایک دوسرے کی روایات اور ورثے کے بارے میں جان سکیں اور انہیں بانٹ سکیں۔ انہوں نے طلباء کو اس تقریب کو شاندار اور کامیاب بنانے پر مبارکباد دی اور سٹوڈنٹ کونسل کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس شاندار تقریب کے انعقاد کا مشورہ دیا۔
تقریب کا اختتام طلباء کے اپنے اپنے ممالک کو عالمی نقشے پر نشان لگانے کے ساتھ ہوا، جو اتحاد اور عالمی ہم آہنگی کی علامت تھی، جس کے بعد ایک لکی ڈرا کے ذریعے دلچسپ انعامات دیے گئے۔ یہ جشن سعودی قومی ترانے کے ساتھ ایک محب وطن انداز میں اختتام پذیر ہوا۔