عندلیب صدیقی کے اعزاز میں تقریب مقامی شعرا نے اپنا کلام پڑھا سہیل اخلاق نے اپنی گائیکی پیش کی

 دبئی ( طاہر منیر طاہر ) آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی نژاد ممتاز شاعرہ  ادیبہ  اور براڈ کاسٹر  عندلیب صدیقی  کی دبئی آمد کے موقع  پران کے اعزاز میں  تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب کی صدارت   منیر ہانس نے کی جبکہ مہمان خصوصی  عندلیب صدیقی  تھیں ۔ عندلیب صدیقی  ایک طویل عرصے سے آسٹریلیا میں مقیم ہیں اور ریڈیو آسٹریلیا کی اردو سروس سے وابستہ ہیں ۔  وہ آسٹریلیا میں اردو زبان اور شعر و ادب کی تقریبات کے انعقاد کے حوالے سے بھی  بہت فعال اور متحرک ہیں ۔ 
تقریب کے پہلے دور میں مقامی شعراء کرام نے اپنے خوبصورت کلام سے سامعین کو خوب محظوظ کیا ۔ جن شعرا نے اس موقعے پر کلام سامعین  کی نذر  کیا ان میں سلمان جاذب،  تابش زیدی، فخر صدیقی اور عدنان منور شامل تھے ۔ پروگرام کے دوسرے دور میں ممتاز پاکستانی گلوکار اور کمپوزر سہیل اخلاق نے اپنی گائیکی کا خوب رنگ جمایا ۔ انھوں مختلف شعراء کرام کی غزلیں اپنے مخصوس انداز میں پیش کرکے شرکائے محفل سے خوب داد سمیٹی ۔

تقریب میں عندلیب صدیقی،  گلوکا ر سہیل اخلاق اور  سید حسیب حسنین کواعزازی  شیلڈز   پیش کی گئیں- ملک محمد  اسلم نے اپنے دلکش انداز نظامت سے تقریب کی دلکشی کو چار چاند لگا ئے ۔ اس موقعے پر عندلیب صدیقی  کی جانب سے ان کا شعری مجموعہ  آنکھوں میں خواب سجے  ملک محمد  اسلم کو پیش کیا گیا ۔امارات کے  شائقین ادب  نے پروگرام   جشن شعر وسخن میں شرکت کی ۔ پاکستانی کمیونٹی کے  میاں عمر ابراہیم ، بابر عزیز  بھٹی،  ملک اسحق،  سید تسلیم عباس،  خادم حسین عابد،  ظہیر عباسی،  امین سرگانہ،  سید سلیم اختر،  فرخ سیدین،  علی پرویز، شان ملک اور فیضان ملک شامل تھے ۔ پروگرام کے اختتام پر میزبان  نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تواضع  روایتی ڈنر سے کی-

Leave a Reply

Discover more from ہمارا اخبار

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading