دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن)دنیا بھر میں روزانہ لاکھوں سمارٹ فونز فروخت ہوتے ہیں، مگر کونسا فون لوگوں کی توجہ کا سب سے زیادہ مرکز بنتا ہے؟اس کا جواب ایک نئی رپورٹ میں دیا گیا۔
دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ فروخت ہونے والا سمارٹ فون کسی اینڈرائیڈ ڈیوائس بنانے والی کمپنی کا نہیں بلکہ ایپل کا آئی فون 15 ہے۔درحقیقت دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے 3 سمارٹ فونز آئی فون 15 سیریز کے ہی ہیں۔کاو¿نٹر پوائنٹ ریسرچ کی رپورٹ کے مطابق اپریل سے جون کے دوران دنیا بھر میں ایپل کے آئی فون 15 کا غلبہ رہا۔اس عرصے میں مجموعی مارکیٹ شیئر میں آئی فون 15 کا حصہ 4.1 فیصد رہا۔3.7 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ دوسرا نمبر آئی فون 15 پرو میکس کے حصے میں آیا جبکہ 3.1 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ آئی فون 15 پرو تیسرے نمبر پر رہا۔جنوبی کورین کمپنی کے گلیکسی اے 15 کے 5 جی ماڈل کے حصے میں چوتھا جبکہ 4 جی ماڈل کے حصے میں 5 واں نمبر آیا۔2022 کا آئی فون 14 تاحال لوگوں کی پسند ہے اور وہ سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فونز کی اس فہرست میں چھٹے نمبر پر رہا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سہ ماہی کے دوران سمارٹ فونز کی فروخت میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔رپورٹ کے مطابق دنیا کے مختلف حصوں میں معاشی بہتری اور صارفین کی دلچسپی کے باعث اپریل سے جون 2024 کے دوران سمارٹ فونز کی فروخت میں اضافہ ہوا۔یہ مسلسل تیسری سہ ماہی ہے جس دوران سمارٹ فونز کی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔اس سے قبل جنوری سے مارچ 2024 کے دوران بھی دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فونز میں آئی فونز کا غلبہ رہا تھا۔
درحقیقت رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایک سے 4 نمبر پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والے سمارٹ فونز ایپل کے تیار کردہ تھے۔اس عرصے میں آئی فون 15 پرو میکس دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا سمارٹ فون ثابت ہوا تھا۔اس کے بعد آئی فون 15 دوسرے، آئی فون 15 پرو تیسرے جبکہ آئی فون 14 چوتھے نمبر پر رہا۔
شمالی امریکہ میں اردو کی آواز