برلن (ویب ڈیسک) جرمنی میں تعینات سفیر پاکستان محترمہ ثقلین سیدہ کے اعزاز میں پاکستان اوورسیز الائنس فورم کی طرف سے پرتکلف استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ شخصیات نے شرکت کی ، اس دوران ان کا سفیر پاکستان سے کروایا گیا،تقریب کے دوران کمیونٹی کی طرف سے سفیر پاکستان کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیاگیا۔
تلاوت قرآن پاک سے شروع ہونیوالی تقریب کے آغاز میں ثقلین سیدہ اور دور دراز شہروں سے آنے والے افراد کو پی اواے ایف یورپ کی طرف سے خوش آمدید کہا گیا ، قومی جذبہ کو تازہ کرنے کے لئے قومی ترانہ پیش کیا گیا، پاکستانی ڈرامہ ڈائریکٹر علی فیضان بھی تقریب میں موجود تھے ۔
اپنے خطاب میں محترمہ ثقلین سیدہ نے تقریب میں موجود کمیونٹی کے افراد کاشکریہ ادا کرتے ہوئے اوورسیز کے مسائل پر بھی بات کی اور کہا کہ فرینکفرٹ اور برلن میں ہمارے دروازے آپ تارکین وطن کے لئے کھلے ہیں۔
سفیر پاکستان کامزید کہنا تھاکہ کلچر اور مذہب اپنی جگہ لیکن زمین کا تعلق قائم رکھنا بہت مشکل ہوتا ہے اور جو لوگ یہ تعلق قائم رکھے ہوئے ہیں ، ان کی بہت عزت کرتی ہوں، نوجوان نسل کو بھی جرمنی اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔
تقریب کے اختتام پر محترمہ ثقلین سیدہ کے بھائی کی وفات اور چوہدری محمد اشرف(مرحوم) کے لئے خصوصی دُعا کی گئی۔