ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں سفارت خانہ پاکستان میں عالمی عید ملن محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان کے نامور شعراء نے اپنا کلام پیش کرکے سخن وروں سے خوب داد سمیٹی۔
دارالحکومت ریاض میں ادبی تنظیم حلقہ فکروفن اور صحافتی تنظیم پاک میڈیا فورم نے سفارت خانہ پاکستان کے تعاون سے عالمی عید ملن محفل مشاعرہ سجایا جسکی صدارت نامور شاعر آفتاب علی ترابی نے کی جبکہ پاکستان کے نامور شعراء کرام میں علی زریون، خالد معین، عرفان ستار، طیب رضا، ڈاکٹر حنا امبرین طارق، خالدہ عظمیٰ، وقار نسیم وامق اور دیگر شعراء کرام شریک ہوئے جبکہ سفارتی افسران اور کمیونٹی کے مردوخواتین کی بڑی تعداد شعراء کرام کو سننے پہنچی۔
عالمی عید ملن محفل مشاعرہ کی نظامت حلقہء فکروفن کے سیکرٹری جنرل وقار نسیم وامق نے بخوبی سرانجام دی۔ مقامی شعراء کرام میں قلب عباس، مسعود جمال، سائرہ ناز ، کامران حسانی، ظفر اقبال اور دیگر نے بھی اپنا کلام پیش کرکے داد سمیٹی. اس موقع پر شعراء کرام نے شاندار انداز میں اپنا کلام پیش کیا اور سامعین سے خوب داد حاصل کی۔
مشاعرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ آف چانسری محسن سیف اللہ نے مشاعرہ کے منتظمین کو بے حد سراہا اور کہا کہ یہ حلقہء فکروفن اور پاک میڈیا فورم کی بڑی کامیابی ھے، ان کا مزید کہنا تھا کہ شعر وادب کی محافل جاری رہنی چاہئیں اور اس ضمن میں سفارتخانہ پاکستان اپنا بھرپور تعاون مہیا کرتا رہے گا۔
عالمی عید ملن محفل مشاعرہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاک میڈیا فورم کے صدر ذکاء اللہ محسن اور حلقہ فکروفن کے ناظم الامور ڈاکٹر طارق عزیز کا کہنا تھا کہ مشاعرہ ہمارا ثقافتی ورثہ اور وسیلۂ علم و آگہی ھے، عید ملن محفل مشاعرہ کا مقصد لوگوں کو پردیس میں دیس کے رنگوں سے ہمکنار کرنے کے ساتھ ساتھ اردو شعر و ادب کی ترویج کو فروغ دینا بھی تھا۔
حلقہء فکروفن اور پاک میڈیا فورم کے عالمی عید ملن محفل مشاعرہ کی استقبالیہ کمیٹی کے قائد ادب نواز ادب دوست معروف سماجی شخصیت انجینئر عدنان اقبال بٹ تھے جبکہ انتظامیہ کے دیگر ارکان میں چیئرمین پاک میڈیا فورم الیاس رحیم اور ناظم الامور حلقہء فکروفن ڈاکٹر طارق عزیز سمیت اجمل منہاس، رانا عظیم، حسیب گوندل اور دیگر شامل تھے جبکہ امریکہ سے صدر حلقہء فکروفن ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری بھی انٹظامات کی نگرانی کرتے رہے۔
مشاعرہ کے اختتام پر شعراء کرام کو سپانسرز اور آرگنائزرز کی جانب اعزازی شیلڈز سے بھی نوازا گیا جن میں قومی ائیرلائن پی آئی اے، فرینڈی موبائل، بلیک سینما پروڈکشنز، مہران فوڈز، روزا ٹریڈنگ، لونا انٹرنیشنل، تولین سویٹس، کے ایف اے ایمیگریشن، الخبیب فوڈز، ریاض کرکٹ لیگ، فوڈ ویلیج نمایاں تھے جبکہ قومی ائیرلائن پی آئی اے کی جانب سے نامور شاعر علی زریون کو سوؤنیئر پیش کیا گیا اور بعدازاں شرکائے محفل مشاعرہ کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔