Headlines

  ایم پی اے رانا محمد عارف اقبال ہرناہ کا دورہ دبئی  حلقہ کے لوگوں سے ملاقات, وزیراعلیٰ پنجاب کا بھی سیالکوٹ کا دورہ متوقع

دبئی (طاہر منیر طاہر) مسلم لیگ ن حلقہ 44 سیالکوٹ کے ایم پی اے رانا محمد عارف اقبال ہرناہ نےکہا ہےکہ موجودہ حکومت دور دراز 

پسماندہ علاقوں کی ترقی اور لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع منصوبہ بندی کر رہی ہے جس کے تحت دیہی اور پسماندہ علاقوں کو وہی سہولیات میسر ہوں گی جن سے شہری علاقوں میں رہنے والے مستفید ہو رہے ہیں- ان خیالات کا اظہار  انہوں نے دبئی میں اپنے حلقہ کے لوگوں سے ایک ملاقات میں کیا- ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمد عارف اقبال کی دبئی آمد پر ان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس کا اہتمام مسلم لیگ ن دبئی کے نائب صدرغلام محی الدین نے کیا تھا-

تقریب میں پی ایم ایل این کے صدر عامر سہیل گھمن، میڈیا کوآرڈینیٹر محمد شہزاد بٹ، منارٹی ونگ کے صدر جان قادر، مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات ویمن ونگ کی صدر فرزانہ کوثر، شوکت محمود بٹ، ملک  نبیل، ملک محمد جاوید، مہر عباس، وقاص گھمن، چودھری طارق محمود گھمن اور صحافی محمد شہباز باجوہ نے شرکت کی- اس موقع پر حلقہ 44 کے منتخب ممبر اسمبلی رانا محمد عارف اقبال آف ہرناہ نے ہیڈ مرالہ اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں کو درپیش مسائل کے بارے میں کہا کہ وہ  اپنے علاقہ کے تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں-

ایم پی اے نے کہا کہ ہیڈ مرالہ سیالکوٹ روڈ بن چکی ہے جبکہ ہیڈ مرالہ تا کلووال روڈ کی تعمیر کا کا م بڑی سرعت کے ساتھ جاری ہے- تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا ذکر کرتے ھوئے انہوں نے کہا کہ مرالہ کے گرلز ڈگری کالج کو پوسٹ گریجویٹ تک لےجانے کے لئے کام جاری ہے جبکہ مرالہ ایریا میں واقع تمام پرائمری، مڈل اور ہائی سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے- رانا محمد عارف اقبال نے بتایا کہ پنجاب بھر میں پچاس سے ساٹھ ہزار اساتذہ کی کمی ہے جسے پنجاب حکومت نے جلد از جلد پورا کرنے کا پلان بنا رکھا ہے- ہیڈ مرالہ کے گرلز ہائر سیکنڈری سکول اور ڈگری کالج میں ہیڈ مسٹریس اور پرنسپل کی کمی پوری کرنے کے لئے بھی محکمانہ کا ر روائی جاری ہے- امید ہےدونوں تعلیمی اداروں میں سربراہان ادارہ کی تعیناتی جلد ہو جائے گی-

رانا طارق شہید پارک کی خستہ حالی اور اس کی بحالی کا ذکر کرتے ھوئے رانا محمد عارف اقبال نے کہا کہ پارک کی حالت درست کرنے کے لئے مزید 12 کروڑ کی منظوری ہوئی ہے لہذا مستقبل قریب میں  یہ پارک سیر و سیاحت کے قابل ہو جائے گا- علاقہ میں صحت عامہ کی سہولیات کے سلسلہ میں انہوں نے بتایا کہ مرالہ میں دونوں نہروں کے درمیان تھانہ کے سامنے BHU ہسپتال تعمیر کیا جائے گا ، مرالہ کالونی، سکول، پوسٹ آفس اور ڈسپنسری کو جانے والے راستوں کے بارے میں  رانا محمد عارف اقبال نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ان کی ملاقاتیں متعلقہ حکّام سے جاری ہیں جس کے تحت بوائز سکول کو بھی نند پور کی طرف سے راستہ فراہم کر دیا جائے گا-

دیگر مسائل تجاوزات، گاڑیوں کی پارکنگ، سیم نالوں کی صفائی، ڈھلے والی میں صاف پانی اور سیوریج کے بہتر نظام کے بارے میں نشان دہی پر ایم پی اے رانا محمد عارف اقبال ہرناہ نے علاقائی لوگوں کے ساتھ مل کر انہیں حل کرنے کا وعدہ کیا-بیرون ملک اپنے علاقہ کے لوگوں سے مل کر مسائل کا جائزہ لینے اوربہ نفس نفیس  بات چیت کرنے پر رانا محمد عارف اقبال نے اسے ایک اچھا عمل قرار دیا اور کہا کہ وہ آئندہ بھی بیرون ملک دوروں کے دوران اپنے حلقہ کے لوگوں کو ملیں گے تا کہ وہ ان کو درپیش مسائل سے آگاہ رہ سکیں- بات چیت کے آخر میں رانا محمد عارف اقبال نے بتایا کہ چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف اگلے چند ماہ میں میرے حلقہ 44 کے مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لئے دورہ کریں گی جس میں ہیڈ مرالہ کا دورہ بھی شامل ہے-

Leave a Reply