Headlines

تمام صوبوں کی سطح پر اوورسیز ایڈوائزری کونسل کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا: بیرسٹر امجد ملک 

مدینہ منورہ (وقار نسیم وامق) پاکستان مسلم لیگ ن انٹرنیشنل آفیئرز کے سنئیر نائب صدر اور چیف کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک کا کہنا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لئے مسلم لیگ ن سولہ نکاتی ایجنڈا پیش کر چکی ہے جس پر عمل درآمد کرنے کے لئے اقدامات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے،تمام صوبوں کی سطح پر اوورسیز ایڈوائزری کونسل کا قیام جلد ہی عمل میں لایا جائے گا ۔

مدینہ منورہ میں مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد کی جانب سے منعقدہ تنظیمی اجلاس میں بیرسٹر امجد ملک مہمان خصوصی تھے جبکہ سعودی عرب کے مختلف ریجنز کے عہدیداروں سمیت مسلم لیگ ن جاپان کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر بیرسٹر امجد ملک کا کہنا تھا کہ  ایوانوں میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی سمیت دیار غیر میں مقیم ہم وطنوں کی جائیدادوں پر قبضے کے کیسز کو نپٹانے کے لئے خصوصی عدالتوں کے قیام سمیت دیگر امور پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔

مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی مسلم لیگ ن کا ہراول دستہ ہیں اور میاں نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور توقع کر رہے ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کو بیرون ممالک درپیش مسائل کے علاوہ اندرون ملک مسائل کے حل کے لئے بہتر طور پر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ملکی زرمبادلہ میں سب سے اہم اور نمایاں کردار ادا کرنے والے لاکھوں پاکستانیوں کو بہتر طور پر ریلیف مل سکے۔ 

اجلاس سے مسلم لیگ ن سعودی عرب کے سنئیر نائب صدر محمود الحق ڈوگر، صدر ریاض ریجن عدنان اقبال بٹ، مسعود پوری، چوہدری سجاد علی ، ملک یونس سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اور بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی بہتری کے لئے تجاویز پیش کیں۔

Leave a Reply

Discover more from ہمارا اخبار

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading