دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی نے یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا۔
تفصیلات کے مطابق تقریب کا افتتاح قونصل جنرل حسین محمد نےقومی ترانہ کی دھن پر پرچم کشائی سے کیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد، صحافیوں اور قونصل خانے کے حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے قومی دن کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے اپنے خطاب کے دوران بانی پاکستان قائداعظم کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے اس دن کی تاریخی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے برصغیر کے ان بہادر مسلم رہنماؤں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے 23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان کی منظوری کے بعد سات سال کے مختصر عرصے میں خطے کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن بنایا۔ یو اے ای کی مہمان نوا زی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانیوں کو اپنے دوسرے گھر یعنی یو اے ای میں مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ رواداری، احترام اور تعاون کی اقدار کو اپنا کر امارات کے کثیر الثقافتی معاشرے میں ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دیتے ہوئے پاکستانی تارکین وطن اپنے وطن کی میراث کی پاسداری کر سکتے ہیں۔
ادھر سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سفارتخانے میں تقریب کا افتتاح پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کی جانب سے پرچم کشائی اور قومی ترانہ بجا کر کیا گیا۔ پاکستانی طلباء کے ایک گروپ نے جوش اور جذبے سے ملی نغمہ پیش کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کو یاد کیا جس کے نتیجے میں پاکستان کو آزادی ملی۔ انہوں نے معاشی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کو مستحکم بنانے کے لئے معاشرے میں اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خوشحال ملک اور آزادی کی قدر پر زور دیتے ہوئے بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر اور فلسطین کے لوگوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا جو کئی دہائیوں سے قابض افواج کی جارحیت اور تشدد کا شکار ہیں۔ پاکستانی سفیر نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور یو اے ای کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانیوں کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لئے پاکستان کی معیشت میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔